کراچی(کامرس رپورٹر)لکی موٹر کارپویشن لمیٹڈ نے مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک کا اضافہ کر دیا جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا،کمپنی نے مجاز ڈیلرز کو جاری کیے گئے سرکلر میں قیمتیں بڑھانے کی وجہ بیان نہیں کی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق لکی موٹر کارپویشن لمیٹڈ نے مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک کا اضافہ کر دیا ہے،حالیہ اضافے کے بعد پیکانٹو ایم ٹی اور اے ٹی کی نئی قیمتیں 33 لاکھ 50 ہزار روپے اور 36 لاکھ 25 ہزار روپے ہو جائیں گی جو اس سے قبل 33 لاکھ اور 35 لاکھ 50 ہزار روپے میں دستیاب تھیں۔سٹانک ای ایکس اور سٹانک ای ایکس پلس کی قیمتیں بڑھا کر 53 لاکھ 50 ہزار اور 59 لاکھ 30 ہزار کر دی گئی ہیں،جن کی قیمتیں 52 لاکھ اور 57 لاکھ 30 ہزار روپے تھیں۔اسی طرح سپورٹیج ایف ڈبلیو ڈی کی قیمت 77 لاکھ 90 ہزار روپے سے بڑھا کر 79 لاکھ 40 ہزار روپے اور اسپورٹیج اے ڈبلیو ڈی کی قیمت 83 لاکھ 70 ہزار روپے سے بڑھا کر 85 لاکھ 70 ہزار روپے کر دی گئی ہیں۔سورینٹو 2.4 ایل ایف ڈبلیو ڈی کی قیمت 95 لاکھ 40 ہزار سے بڑھا کر ایک کروڑ 40 ہزار مقرر کر دی گئی جبکہ سورینٹو 2.4 ایل اے ڈبلیو ڈی اور ایف ڈبلیو ڈی کی قیمت ایک کروڑ 8 لاکھ 90 ہزار روپے ہو گئی ہے جو پہلے ایک کروڑ 3 لاکھ 90 ہزار میں دستیاب تھی۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو بھی لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے سٹانک ای ایکس اور ای ایکس پلس کی قیمتیں اضافے کے بعد 52 لاکھ روپے اور 57 لاکھ 30 ہزار روپے کردی تھیں جو اس سے قبل 49 لاکھ اور 54 لاکھ میں دستیاب تھیں۔اسی طرح سپورٹیج الفا،ایف ڈبلیو ڈی اور اے ڈبلیو ڈی کی قیمتیں اضافے کے بعد بالترتیب 70 لاکھ 50 ہزار، 77 لاکھ 90 ہزار اور 83 لاکھ 70 ہزار روپے ہوگئی تھیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ 15 مارچ کو ہونڈا اٹلس کار لمیٹڈ نے بھی شرح تبادلہ اور 1400 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس کو 25 فیصد کرنے کا اثر صارفین کو منتقل کرتے ہوئے مختلف گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔