اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئر مین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہو گئے ۔
پاکستان ٹائم کے مطابق عمران خان عدالت میں پیشی کیلئے زمان پارک سے روانہ ہوئے ، اسلام آباد داخلے کے وقت گولڑہ موڑپر عمران خان کے قافلے کو روک دیا گیا اور صرف ان کے ساتھ 4 گاڑیوں کو اسلام آبا دمیں داخلے کی اجازت دی گئی ، سابق وزیراعظم کے ساتھ جیمر والی گاڑی کو بھی آگے جانے کی اجازت دے دی گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر اعتراضات عائد کردیئے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی عبوری ضمانت کی 7 درخواستوں پر اعتراضات عائد کیے،رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرایا، دوسرا اعتراض عائد کیا کہ ٹرائل کورٹ سے پہلے ہائیکورٹ میں کیسے درخواست دائر ہوسکتی ہے؟
