اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے عدالتی اصلاحات کے بل کے قانون بننے کے بعد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف،جہانگیر خان ترین سمیت کئی اہم شخصیات کو اپیل کو حق مل جائے گا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے قانون بننے کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے منحرف رکن جہانگیر خان ترین سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات کو نااہلی کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق مل جائےگا۔قومی اسمبلی سے اس بل کی منظوری کے بعد اب نواز شریف ، جہانگیرترین نااہلی کیخلاف اپیلیں دائر کر سکیں گے اور نوازشریف کوپارٹی صدارت کیس میں بھی اپیل کا حق مل جائے گا،تاحیات نااہلی کے فیصلے کیخلاف بھی اپیل دائرہوسکے گی۔اس کے علاوہ سابق سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری رولنگ اور منحرف ارکان ووٹ کیسز میں بھی اپیلیں ہو سکیں گی،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی اپنی حکومت کے خاتمے کیخلاف بھی اپیل دائر کر سکیں گے۔عدالتی اصلاحات کے بل کے قانون بننے سے جعلی ڈگری پر نااہل سابق ارکان اسمبلی کو بھی اپیل کا حق حاصل ہو جائےگا۔
یاد رہے کہ آج (29 مارچ) وفاقی حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیاگیا عدالتی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023ءمتفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قبل ازیں قائمہ کمیٹی قانون وانصاف نے اضافی ترامیم کیساتھ بل متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔اس کے علاوہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی عدالتی اصلاحات سے متعلق بل کی توثیق کی گئی تھی۔