لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق مشیر برائے زراعت عبدالحئی دستی کے گھر محکمہ اینٹی کرپشن نے چھاپہ مارتے ہوئے 12کروڑ روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ دوسری طرف عبدالحئی دستی نے چھاپے کے بعد پریس کانفرنس میں تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الٰہی پر بجلیا ں گرادیں ہیں۔دلچسپ بات ہے کہ ملزم عبدالحئی دستی کی پریس کانفرنس کی کوریج کے لیے صحافیوں کو پیغامات اور دعوت نامے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن (ڈی جی پی آر)اور محکمہ اینٹی کرپشن نے خود بجھوائے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالحئی دستی نے بتایا کہ میرے گھر پر چھاپا مارا گیا اور 15 کروڑ سے زائد رقم لے لی گئی،میرے گھر سے 18 لاکھ درہم بھی برآمد ہوئے تھے،اینٹی کرپشن کو 13 لاکھ روپے کی ٹریل دیدی ہے، 2 کروڑ 25 لاکھ مونس الٰہی نے امانتاً دیئے تھے،مونس الٰہی کی واپسی پر رقم واپس کر دوں گا،مونس الٰہی سے پوچھیں مجھے کیوں کروڑوں روپے امانتاً دئیے؟۔
عبدالحئی دستی کا کہنا تھا کہ امید ہے اینٹی کرپشن انصاف کرے گی،منی ٹریل دیدی ہے اور مطمئن ہوں،منی چینجرز کی رسیدیں ہیں،امید ہے اینٹی کرپشن مجھے پیسے واپس کر دے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریڈ کے بعد مونس الہٰی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، جتنا جلدی ہو سکے مونس الٰہی جلد واپس آ جائیں اور اپنی رقم واپس لے لیں۔
