اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)توشہ خانہ کا چالیس سالہ ریکارڈ سامنے آگیا،بیرون ممالک سے ملنے والے بیش قیمت تحائف پر کس نے کتنا ہاتھ صاف کیا اور توشہ خانہ سے کیا کیا لوٹا گیا؟دس قیمتی گاڑیاں رولزکے برعکس کن اہم اور بڑی شخصیات نے رکھ لیں؟ہوشربا انکشافات نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی کی تحقیقات میں 1980 سے 2023 تک موصول ہونے والے تحائف کی خریداری میں بڑی پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں،سینکڑوں تحائف کی فروخت پر توشہ خانہ پالیسی کی شق 12 کی دھجیاں اڑادی گئیں۔اہم بات یہ ہے کہ تحفوں میں ملی تمام دس قیمتی گاڑیاں رولزکے برعکس بڑی شخصیات نے اپنے پاس رکھ لیں، 1770 اہم شخصیات نے پچھلے چالیس سال میں 7400 حاصل کیے،1980 سے 2023 تک ان شخصیات نے 57 ممالک کے 672 سرکاری دورے کیے۔کابینہ ڈویژن نے تمام گفٹس کی مجموعی مالیت 87 کروڑ لگائی جبکہ چالیس سال میں صرف 171 گفٹس کی 1 کروڑ 90 لاکھ کے عوض نیلامی کی گئی۔اسی طرح 970 اہم شخصیات نے 2002 سے 2023 تک 4484 گفٹس حاصل کیے،ان گفٹس کی مجموعی مالیت 67 کروڑ روپے لگائی گئی۔
تحقیقات کے مطابق 865 اہم شخصیات کو 1980 سے 2001 تک مجموعی طور پر2916 تحائف ملے،کابینہ ڈویژن نے گفٹس کی مجموعی مالیت 21 کروڑ لگائی جبکہ ان گفٹس کی مارکیٹ میں مجموعی مالیت 3 ارب کے لگ بھگ ہے۔تحفوں میں ملی تمام 10 تمام قیمتی گاڑیاں رولزکے بر عکس بڑی شخصیات نے اپنے پاس رکھ لیں،11 وزرائے اعظم اور 8 صدور نے 501 بین الاقوامی دورے کیے، 40 ممالک کے 125 دورے 21 وزرا خارجہ نے کیے۔اہم شخصیات نے4955 گفٹس مفت میں رکھ لیے گئے جبکہ 2040 قیمتی ترین گفٹس صرف 5 کروڑ دے کر رکھ لیے گئے،ان قیمتی گفٹس کی مارکیٹ کی قیمت ڈیرھ ارب روپے تھی۔سابق وزیر اعظم شوکت عزیر نے سب سے زیادہ 885 گفٹس حاصل کیے،سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو نے 589 گفٹس حاصل کیے،بے نظیر نے 178 گفٹس ڈھائی لاکھ کے عوض رکھے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 120 تحائف حاصل کیے اور 75 گفٹس 14 لاکھ ادا کر کے اپنے پاس رکھ لیے۔جنرل ضیاالحق کو 1978 سے 1987 تک 13 لاکھ مالیت کے 176 گفٹس ملے،سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو نے 1985 سے 1988 تک 289 گفٹس حاصل کیے۔اسی طرح سابق صدر اسحاق خان نے 88 تحائف لیے، 67 ہزار ادا کر کے تمام گفٹس رکھ لیے،سابق صدر فاروق لغاری نے 110 گفٹس لیے،28 لاکھ ادا کرکے سب رکھ لیے جبکہ سابق صدر رفیق تارڑ نے 70 گفٹس لیے اور تمام تحائف ڈیرھ لاکھ میں خرید لیے۔