چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے سردار زرطیف بادشاہ کی ملاقات،ایم ٹی بی سی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

باغ(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری آزاد کشمیر عثمان چاچڑ سے میڈیکل ٹرانسکرپشن بلنگ کمپنی(ایم ٹی بی سی)کے ڈایریکٹر پبلک ریلیشنز سردار زرطیف بادشاہ کی ملاقات،علاقائی سیاحت کے فروغ،کشمیر ائیر لائنز اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو،چیف سیکرٹری نے کشمیر ائیر لائنز کے چیئرمین محمود الحق کی گرانقدر خدمات کی تعریف اور حکومت کی جانب سے ایم ٹی بی سی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق چیف سیکرٹری آزاد کشمیر عثمان چاچڑ سے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز زرطیف بادشاہ نے خوشگوار ماحول میں تفصیلی ملاقات کی۔چیف سیکرٹری عثمان چاچڑ نے چیئرمین ایم ٹی بی سی کو باغ میں سرمائی کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد ہمیشہ حوصلہ افزا ہوتا ہے، کیونکہ یہ نہ صرف تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ سیاحت اور مقامی کاروبار کو فروغ دینے میں بھی مدد کرتے ہیں،جو معیشت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ کشمیر ایئر لائنز مظفر آباد سے کام شروع کر رہی ہے جو کہ آزاد جموں و کشمیر کا پہلا ہوائی اڈہ ہے،اس سے لوگوں کو بہتر رابطہ ملے گا اور علاقے کی رسائی میں بہتری آئے گی۔چیف سیکرٹری نے چیئرمین کشمیر ایئر لائن مسٹر محمود الحق کو 25 سال بعد فلائٹ آپریشن کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے سردار زرطیف بادشاہ سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت زیر بحث مختلف منصوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کی ریاست پر ان کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ نجی شعبہ کے اشتراک سے ریاست میں مثبت تبدیلی لانے کا ایک موثر طریقہ ہو سکتا ہے،یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ چیئرمین ایم ٹی بی سی اور کشمیر ایئر لائن آزاد جموں و کشمیر کی ریاست کی ترقی میں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔سیاحت کو فروغ دینے،رابطوں کو بہتر بنانے اور مقامی معیشت کو بلند کرنے میں ان کی شراکتیں انمول ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں