لاہور(کورٹ رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کےخلاف توہین عدالت کے سنگل بنچ کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مقامی وکیل شاہد رانا نے سنگل بنچ کے فیصلے کےخلاف اپیل لاہورہائیکورٹ میں دائر کر دی۔ اپیل کنندہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے میڈیا کانفرنس میں عدلیہ کی توہین کی،ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔درخواست گزار نے اپیل میں موقف اپنایا کہ مریم نواز شریف کے خلاف درخواست کو سنگل بنچ نے مسترد کیا،سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے ایڈووکیٹ شاہد رانا کی جانب سے مریم نواز شریف،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی تھی۔درخواست گزار ایڈووکیٹ شاہد رانا نے موقف اختیار کیا تھاکہ یہ درخواست میں نے اپنی مشہوری کے لیے دائر نہیں کی،مجھے مشہوری کی ضرورت بھی نہیں ہے،ہمیں توہین عدالت کے قانون پر عملدرآمد کروانا ہو گا،مریم نواز نے سرگودھا میں تقریر کی اور یہ معاملہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے،مریم نواز نے 6 موقعوں پر توہین عدالت کی ہے،عدالت مریم نواز کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرے،پاکستان کوئی بنانا ری پبلک نہیں ہے۔
