اظہر مشوانی کی گرفتاری،لاہور ہائی کورٹ نے بڑا حکم جاری کر دیا

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) سوشل میڈیا کے ہیڈاظہر مشوانی کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر بازیاب کراتے ہوئے سوموار کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس عالیہ نیلم نے اظہر مشوانی کے بھائی مظہرالحسن کی درخواست پر کیس سماعت کی،وکیل اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ اظہر مشوانی کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں ،اظہر مشوانی چھ روز سے لاپتا ہے لیکن کوئی بھی ادارہ ان کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی بات کرنے پر تیار نہیں ہے۔جسٹس عالیہ نیلم نے اظہر مشوانی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس ،سی سی پی او لاہور اور ایف آئی اے حکام کو بھی طلب کر لیا ہے ۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی کی جبری گمشدگی کیخلاف 31 مارچ بروز جمعہ 3 دن بجے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے ، ہر ضلع کے پریس کلب کے باہر اظہر مشوانی کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ساری پولیس اور رینجرز تحریک انصاف کے لوگوں کو اٹھانے میں لگی ہوئی ہے،اظہر مشوانی 6 دن سے لاپتہ ہے، ہمارے سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھایا جارہا ہے،اگر سیکورٹی کی صورتحال اتنی خراب ہے تو پھر ساری پولیس اور رینجرز تحریک انصاف کے لوگوں کو کیوں اٹھانے میں لگی ہوئی ہے؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں