لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آج(بعد از نماز جمعہ) پارٹی کارکنان کے اغوا کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جمعہ کے روز کارکنان کے اغواءکے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرے گی، لہٰذا ہمارے تمام لوگ نکلیں اور اس پرامن احتجاج میں شامل ہوں، انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور ہر کوئی جانتا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف فسطائیت کی اس لہر کے پیچھے کون ہے؟۔سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس فسطائیت کے خلاف کھڑے ہوں گے، آخری گیند تک مقابلہ کریں گے اور خود پر مسلط کئے جانے والے مجرموں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، پاکستان کو سیاسی و معاشی تباہی کی دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے بھی پارٹی چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی کی جبری گمشدگی کیخلاف 31 مارچ بروز جمعہ 3 بجے دن ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے ، ہر ضلع کے پریس کلب کے باہر اظہر مشوانی کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ساری پولیس اور رینجرز تحریک انصاف کے لوگوں کو اٹھانے میں لگی ہوئی ہے،اظہر مشوانی 6 دن سے لاپتہ ہے، ہمارے سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھایا جارہا ہے،اگر سیکورٹی کی صورتحال اتنی خراب ہے تو پھر ساری پولیس اور رینجرز تحریک انصاف کے لوگوں کو کیوں اٹھانے میں لگی ہوئی ہے؟۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ہیڈ اظہر مشوانی نے اپنے بھائی کی بازیابی اور مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی جس میں وفاقی و صوبائی حکومت اور پولیس کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا کہ 6 روز ہوگئے لیکن پتہ نہیں کہ مظہر مشوانی کہاں ہے، غیر قانونی گرفتاری کر کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پولیس کو اظہر مشوانی کی بازیابی اور انہیں فوری طور پر پیش کرنے کی ہدایت کرے۔جس پرجسٹس عالیہ نیلم نے سوموار کے روز اظہر مشوانی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس ،سی سی پی او لاہور اور ایف آئی اے حکام کو بھی طلب کر لیا ہے۔
