پشاور(کرائم رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی ایڈووکیٹ پر مقدمہ کرنے والے مدعی کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ خود عادی مجرم اور جیل میں قید ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق حسان خان نیازی کے وکیل شاہ فیصل ایڈووکیٹ نے نوشہر ہ میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مدعی خود جرم کی سزا میں قید ہے، مدعی کے خلاف ایف آئی آر کے لئے درخواست دے دی ہے۔ وکیل نے سوال اٹھایا کہ جیل میں قید مجرم کی سوشل میڈیا تک رسائی کیسے ممکن ہوئی؟۔شاہ فیصل ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ حسان نیازی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے، اگلی پیشی 19 اپریل کو ہوگی۔واضح رہے کہ حسان نیازی کے خلاف نوشہرہ کینٹ پولیس سٹیشن میں بدرشی کے رہائشی شبیرالدین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ،کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج شرقی کی عدالت نے حسان خان نیازی کو کراچی میں درج مقدمے میں رہا کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے عوض راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 48 گھنٹوں میں پشاور کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا ۔
