لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل ساتھیوں سمیت اپنی پرانی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں ،یاد رہے کہ ایک ماہ قبل ہی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں نذر محمد گوندل نے گوجرانوالہ سے ظفر اللہ چیمہ اور تحریک انصاف کے دیگر کارکنوں کے ہمراہ ازخود گرفتاری بھی دی تھی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما نذر محمدگوندل نے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔نذر گوندل نے بلاول ہاوس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اورسابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نذر گوندل کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے نظریات اور منشور سے مطمئن ہوں،اگلا الیکشن پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے لڑوں گا، پچھلے الیکشن میں فواد چوہدری کی سپورٹ کی تھی ، پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی۔اس موقع پر نذر محمد گوندل کے ہمراہ امیر حمزہ کرمانی ،چوہدری محمد اصغر گوندل،بلال نذر گوندل،تصور عباس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔یاد رہے کہ 2017میں نذر محمد گوندل پیپلز پارٹی کو خیر آباد کہتے ہوئے ”کپتان کے کھلاڑی“ بنے تھے ،تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان انہوں نے نتھیا گلی میں عمران خان سے ملاقات کرتے ہوئے کیا تھا ۔ 2013 کا الیکشن نذر محمد گوندل نے منڈی بہاوالدین کے حلقہ این اے 109 میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے لڑا تھا مگر ن لیگ کے ناصر اقبال بوسال کے ہاتھوں شکست کھا بیٹھے تھے۔نذر گوندل کے قریبی عزیز ندیم افضل چن بھی پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے تاہم کچھ عرصہ بعد وہ بھی دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے تھے ۔
