نوجوت سنگھ سدھو 10ماہ بعد جیل سے رہا ہو گئے

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)ہندوستان کے معروف سیاست دان،سابق کرکٹر ،اداکار اور کانگریس لیڈر نوجوت سنگھ سدھو کو تین دہائیوں پرانے روڈ ریج کیس میں 10 ماہ کی سزا کے بعد پٹیالہ جیل سے دو ماہ قبل ہی رہا کر دیا گیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق بھارت کے معروف سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو 10ماہ کی جیل کاٹنے کے بعد رہا ہو گئے ہیں ،رہائی کے موقع پر کانگریس کے رہنماوں اور کارکنوں نے سدھو کا ڈھول کی تھاپ پرشاندار استقبال کیا اور ان پر پھوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔سابق بھارتی کرکٹر گزشتہ 10 ماہ سے پٹیالا کی جیل میں قید تھے، سزا مکمل ہونے سے پہلے رہائی سے متعلق جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سدھو کی 2 ماہ قبل رہائی جیل میں اچھے برتاو¿ کے باعث عمل میں آئی۔گزشتہ برس بھارتی سپریم کورٹ نے نوجوت سنگھ سدھو کو 34 برس پرانے حادثے کے کیس میں 1 سال قید کی سزا سنائی تھی، حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا، نوجوت سنگھ سدھو نے ریاستی انتخابات میں اپنی پارٹی کی شکست کے بعد پنجاب کانگریس کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے قریبی دوست نوجوت سنگھ نے جیل سے رہا ہوتے ہی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتوں کے پاس سچ سننے کی طاقت نہیں ہے،ایک خوف ہے کہ وہ سچ کی آواز نہیں سننا چاہتی تھیں،شاید یہی وجہ ہے کہ انھوں نے مجھے یہ وقت دیا،دن کے پونے بارہ بجے اس ملک میں آمریت آئی، انقلاب آیا اور آج میں کہنا چاہتا ہوں کہ اس انقلاب کا نام راہول گاندھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں