لاڑکانہ(وقائع نگار خصوصی)وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) الیکشن التواءکیس پر لارجر بینچ نہ بنا تو آئینی بحران کی وجہ سے ملک میں ایمر جنسی یا پھر مارشل لاءکا خدشہ ہے،تخت لاہور کے سیاسی مقابلے کی وجہ سے پورے ملک کی سیاست اس وقت یرغمال ہے،بھٹو خاندان کی تیسری نسل اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کی منتظر ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاءبندیال سمیت تین ججز کو سوچنا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے؟اعلیٰ عدلیہ پر ججز کی طرف سے تاریخی تنقید ہو رہی ہے،عدلیہ میں جو ہو رہا ہے وہ قوم اورملک کے سامنے ہے،انصاف کرنےوالا ادارہ کیا ٹائیگرفورس بنناچاہتاہے؟ 3ججزپراپوزیشن کاعدم اعتماد نہیں،باقی ججزکابھی عدم اعتماد ہے، 3ججزمیں سے ایک جج وہ ہیں جن کے فیصلے کے نتیجے میں پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) کی پنجاب حکومت چھین لی گئی،دوسرے جج نے اپنے نوٹ میں کہا کہ پنجاب الیکشن میں ازخودنوٹس بنتاہے،جب آپ اپنی سوچ دکھاتے ہیں تو اس کے نتیجے میں آپ کابینچ میں بیٹھنامناسب نہیں،جسٹس اعجازالاحسن اب تک کیسے اس بینچ کاحصہ ہیں،آپ اپنے ججزپرعدم اعتماد کرکے اٹھ جاتے ہیں تولارجربینچ بنادینا چاہیے، لارجربینچ فیصلہ سنائے گاتو سرآنکھوں پرہوگا انتخابات کے معاملے پر جو کچھ ہو رہا ہے قوم کے سامنے ہے، انتخابی معاملے کی سماعت کرنے والا بینچ 9 سے کم ہو کر 3 ججز تک محدود ہوا، البتہ گزارش کی کہ اس معاملے کی سماعت فل کورٹ کرے، اہم ترین قومی معاملے پر فل کورٹ نہ بننے سے آئینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جو تنقید اعلیٰ عدلیہ پر ہو رہی ہے ججز کی طرف سے وہ تاریخی ہے، چیف جسٹس سمیت تینوں جج صاحبان کو سوچنا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈنے دہشت گردوں کوجیلوں سے رہاکروانے کافیصلہ کیا، عمران دور کے ناقص فیصلوں کی وجہ سے ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنا ہے جسے شکست دینے کے لئے ہم جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، ہماری بہادر افواج بے جگری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، ہم نے دہشت گردوں کو پہلے بھی شکست دی تھی اور اب بھی دیں گے۔بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے73کے آئین کی بنیاد رکھی، آصف زرداری نے18ویں ترمیم کے ذریعے 73 کے آئین کو بحال کیا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی سربلندی کے لئے جدوجہد کی ہے، ملک کے موجودہ مسائل کا حل آئین و قانون کی عملداری میں ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرویزمشرف کاچیف پولنگ ایجنٹ عمران خان تھا،پی ٹی آئی میں ہر سیاسی رہنما ڈکٹیٹر کی سیاسی اولاد ہے،جس بھی آمر کی اولاد سیاست میں ہے وہ پی ٹی آئی میں ہے،ہر وہ شخص جس کا ماضی غیر جمہوری اور غیر آئینی تھا وہ بھی پی ٹی آئی میں ہے۔
