لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پہلی مرتبہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو تاحیات ایکسٹینشن کی آفر دینے کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی بھی سابق فوجی سربراہ کو تاحیات ایکسٹینشن دینے کی بات نہیں کی ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ جھوٹ ہے کہ میں نے قمر جاوید باجوہ کو لائف ٹائم ایکسٹینشن دینے کی بات کی، انہوں نے ایک سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی اور وہ بہت دیر سے یہ پلان بنا رہے تھے،جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ کی پوری سازش تھی ہمیں ہر جگہ کمزور کرنے کی، انہوں نے جان بوجھ کر ہماری سیٹیں کم کرائی تھیں، وہ شہباز شریف کو عقل مند سمجھتے تھے، ہمیں معلوم ہوگیا تھا کہ انہیں شہباز شریف نے آفر کر دی ہے، مجھے ان سازشوں کا پتا چلتا رہا اور میں قمر جاوید باجوہ کو سارا وقت شک کا فائدہ دیتا رہا، جب بھی کہتا تھا کہ سازش ہو رہی ہے تو وہ کہتے تھے سب ٹھیک ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے 90 دن دیکھ کر ہی اپنی دو صوبوں میں حکومتیں ختم کیں کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن بعد الیکشن ہوں گے، اگر 90 روز سے آگے نکلے تو یہ اکتوبر میں بھی کہہ سکتے ہیں کہ سکیورٹی رسک ہے، دراصل یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں اور دھاندلی کے باوجود بھی ہمیں نہیں ہرا سکتے۔
