اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے خلاف مسلم لیگ ن کے کارکن وکلاء نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج شروع کر دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلہ کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں ن لیگ کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے،فیصلہ سننے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر موجود ن لیگی وکلا نے سپریم کورٹ کے احاطے میں فیصلے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا،احتجاج کرنے والے وکلاء کی تعداد چند درجن تھی۔مسلم لیگ ن یوتھ میڈیا ٹیم کے کارکن شمائلہ رانا ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کی قیادت میں فیصلے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ن لیگ کے کارکن مسلسل نعرے لگاتے رہے کہ”قدم بڑھاو نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں“یہ جو کالا کورٹ ہے،میاں تیرا ووٹ ہے“۔ن لیگی وکلاء کے احتجاج کے موقع پر پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مسلم لیگ ن کے کارکنان ریڈ زون میں لگی اسلام آباد پولیس کی رکاوٹیں توڑ کر سپریم کورٹ پہنچے اور نعرے بازی کرتے رہے،کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عدلیہ مخالف نعرے درج ہیں ۔
