آج کا فیصلہ سازش کا آخری وار،لاڈلے کو مسلط کرنے والوں کو۔۔۔۔مریم نواز سپریم کورٹ کے فیصلے پر برس پڑیں

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ سازش کا آخری وار،لاڈلے کو مسلط کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا فیصلہ اس سازش کا آخری وار ہے جس کا آغاز آئین کو ”ری رائٹ“ (دوبارہ لکھ ) کر کے پنجاب حکومت پلیٹ میں رکھ بینچ کے لاڈلے عمران کو پیش کی گئی کہ لو بیٹا، توڑ دو تاکہ ہم جیسے سہولت کاروں کی موجودگی اور نگرانی میں تمھیں دوبارہ سیلیکٹ کیا جائے ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2018 میں جو کام فیض، کھوسہ اور ثاقب نثار نے انجام دیا تھا، وہ ذمہ داری اب اس بینچ نے اٹھا لی ہے، لیکن اس خوفناک اور ڈھٹائی سے کی گئی سہولت کاری اور ون مین شو کے خلاف سپریم کورٹ کی اکثریت نے بغاوت کر دی، وقت آ گیا ہے کہ پارلیمنٹ اس سہولت کاری کو اپنے آئینی اور قانونی ہاتھوں سے روک دے، وفاقی کابینہ کی جانب سے فیصلہ مسترد کر دینا کافی نہیں ہے، آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا کر لاڈلے کو مسلط کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم دے دیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں