لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے پنجاب میں الیکشن کرانے کے حکم پر بدھ کے روز(پانچ اپریل کو)ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملکی تاریخ کا خوش آئند دن ہے،قوم کو آج خوشیاں منانی چاہئیں،آج آئین کی حفاظت ہوئی ہے،حقیقی آزادی کا راستہ صرف انصاف سے ہی آتا ہے،آج آئین،قانون جیت گیا اور مافیا ہار گیا،آج ہر پریشر کے باوجود چیف جسٹس ڈٹ گیا،جس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے،آج سپریم کورٹ نے ایک بڑا فیصلہ دیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ قوم کو سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا،سپریم کورٹ کی فوج عوام ہے لہٰذا ہم بدھ کے روز پانچ اپریل کو نماز عشاء کے بعد یوم تشکر اور جشن منائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ آج حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم فیصلہ نہیں مانتے اور عدلیہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کی حفاظت قوم نے کرنی ہے،یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کیساتھ کھڑے ہوں،پانچ اپریل کو نماز عشاء کے بعد پوری قوم باہر نکلے اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہار تشکر منا کر بتائے کہ ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ جو عدالت شریفوں کے خلاف فیصلہ کرنے جاتی ہے یہ ان کے خلاف مہم چلاتے ہیں،ان لوگوں نے مخالفین کی جہازوں سے تصاویر پھینکی،پاکستان رول آف لا میں 140 ممالک میں 129 ویں نمبر پر ہے،آئین کہتا ہے الیکشن 90دن میں ہونے ہیں،ہم نے وکلا سے پوچھا جنہوں نے بتایا الیکشن 90 دن سے آگے جا ہی نہیں سکتے،ہم نے اپنی دو حکومتیں ختم کیں،ہمارے اپنے لوگ اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں تھے،پروپیگنڈا کرنے اور تشدد کرنے والوں کو ہمارے اوپر بیٹھا دیا گیا،ہمارے 3100 کارکنان کو پکڑا گیا،پی ٹی آئی کے لوگوں کو اغوا کیا گیا،ہمارے او پر ظلم کیا گیا،ٹی وی پر دکھانے پر پابندی لگائی گئی،ہم نے عدالتوں پر اعتماد قائم رکھا،انہوں نے کبھی عدالتوں کو آزاد کام نہیں کرنے دیا،ان کو وہ عدالتیں پسند ہیں جو انکے حق میں فیصلے دیں،جب بھی ان کیخلاف فیصلہ آنے لگتا ہے یہ عدالتوں پر چڑھائی کر دیتے ہیں،انہوں نے عدلیہ پر پریشر ڈالنا تھا اور بینچ کو توڑنا تھا،ہمیں خوف تھا کہ یہ بینچ کو تقسیم کریں گے،آج کا فیصلہ ایک بہترین فیصلہ ہے،آج کے فیصلے سے آئین ا ور قانون کی جیت ہوئی،آج کا فیصلہ کسی پارٹی کی نہیں قانون اور پاکستان کی جیت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارا روڈ میپ اب الیکشن کا ہے،البتہ ہم نے سنا حکومت فیصلہ نہیں مانے گی جوکہ ایک نئی چیز ہے، یہ ہم پر الزام لگاتے ہیں ہم اداروں کے خلاف ہیں لیکن یہ کھل کر ججز اور ان کی فیملیز پر حملے کر رہے ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے کی قوم حفاظت کرتی ہے لہٰذا اس فیصلے کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے،قوم تب آزاد ہوتی ہے جب انصاف کا نظام ان کی حفاظت کرے،یہ نہیں ہو سکتا کہ کمزور کے لیے ایک اور طاقتور کے لیے دوسرا قانون ہو، آئین کہتا کہ الیکشن 90 دن میں ہوں جب کہ اکتوبر میں بھی ہم نہیں بلکہ حکومتی جماعتیں کمزور ہوں گی۔