لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عید الفطر کے بعد انتخابی جلسے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق زمان پارک لاہور میں پی ٹی آ ئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے سینئر رہنماوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور انتخابی جلسوں کے شیڈول پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی جب کہ عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آئینی طریقہ کار پر غور کیا گیا، عمران خان عید الفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کریں گے،البتہ آج رات ملک کے 75 شہروں میں حقیقی آزادی کا جشن ہو گا۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) آئین سے بغاوت کی بات کر رہی ہے،ان کا کوئی بیانیہ نہیں جبکہ پی ڈی ایم کا عدلیہ مخالف بیانیہ بھی پٹ چکا ہے۔