مظفرآباد(وقائع نگار)آزاد جموں کشمیرحکومت نے پانچ معاونین خصوصی سردار احمد صغیر خان، راجہ سبیل ریاض ، سردار امتیاز شاہین ، میاں شفیق جاگوی اور قاضی محمد اسرائیل کو ریاست کا سرکاری جھنڈا استعمال کرنے کی منظوری دیدی۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
’’پاکستان ٹائم‘‘کے مطابق آزاد جموں کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے ساتھ تعینات پانچ معاونین خصوصی کو باوقار اور زیادہ بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کے اس تاریخ ساز اقدام کی وجہ سے اب ان پانچ معاونین خصوصی کو سرکاری گاڑیوں پر آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کا جھنڈا استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ ان معاونین خصوصی میں سردار احمد صغیر خان، راجہ سبیل ریاض ، سردار امتیاز شاہین ، میاں شفیق جاگوی اور قاضی محمد اسرائیل شامل ہیں حن کی تعیناتیوں کے نوٹیفکیشن تحت رولز محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے جاری کر رکھے ہیں اور اس نوٹیفکیشن سے یہ پانچ اسپیشل پولیٹیکل اسسٹنٹ مستفید ہوں گے۔ حکومتی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو کارکن کو حقیقی عزت دینا قرار دیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد مختلف اضلاع سے متحرک پارٹی رہنماوں اور کارکنان کو عزت دیتے ہوئے مختلف امور کیلئے معاون خصوصی تعینات کیا تھا۔ ان معاونین نے تنخواہوں کی مد میں ریاستی خزانے سے اب تک کچھ کوئی رقم حاصل نہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر ان پانچ خصوصی معاونین کے علاوہ دیگر معاونین اور کوآرڈنیٹرز کو بھی مزید اہم ذمہ داریاں اور اختیارات سونپنے والے ہیں۔