صوابی (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں دستی بم حملے میں پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) شہید اور دو کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق صوابی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا کہ اے ایس آئی ساحر خان اور کانسٹیبل گل نصیب اور اعجاز افطار سے قبل یار حسین بازار کے علاقے میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ ڈیوٹی سر انجام دینے کے بعد پولیس اہلکار وہاں سے افطار کے لیے یار حسین تھانے کی جانب جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان/عسکریت پسند ان کی گاڑی کے اندر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ شام 6 بج کر 24 منٹ پر پیش آیا، اس حملے میں اے ایس آئی ساحر خان شہید ہوگئے۔
