لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت کی اتحادی پاکستان مسلم لیگ ق کی بڑی وکٹ گر گئی ،اہم پارٹی رہنما افتخار احمد بٹر ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر افتخار احمد بٹر کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے سابق وزیر صحت نے افتخار احمد بٹرسے ملاقات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے چودھری افتخار احمد بٹر کو پارٹی مفلر پہنایا اور پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے کی شکست کے خوف سے کاپنیں ٹانگ رہی ہیں،تحریک انصاف بروقت انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کا خون چوسنے سے فرصت نہیں،امپورٹڈ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے گئی ہے۔واضح رہے کہ نارنگ منڈی سے معروف سیاسی رہنما چوہدری افتخار احمد بٹر ماضی میں مسلم لیگ ن کے متوالے تھے تاہم بعد ازاں انہوں نے چوہدری پرویز الٰہی کے ”ہاتھ پر بیعت“کرتے ہوئے ق لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور اب وہ ق لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف کو”پیارے“ہو گئے ہیں۔
