پنجاب میں انتخابات کے لئے 10ارب روپے کے فنڈز جاری

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزارت خزانہ نے پنجاب میں انتخاب کے لئے 10 ارب روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں،الیکشن کمیشن کو پنجاب اورخیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے 21 ارب روپے درکار ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلئے وزارت خزانہ نے فنڈزجاری کردیے،ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو وزارت خزانہ نے 10 ارب روپے جاری کئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کوپنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات کے لئے 21 ارب روپے درکار ہیں تاہم سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی وزارت خزانہ نے پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلئے رقم دے دی ہے۔الیکشن کمیشن 10 ارب روپے انتخابی اخراجات پر خرچ کرے گا جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخاب کے لئے انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد رقم کی ادائیگی ہوگی۔یاد رہے سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلے میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اس فیصلے کا کوئی آئینی و قانونی اختیار نہیں تھا،الیکشن کمیشن کے غیر آئینی فیصلےسے 13 دن ضائع ہوئے۔سپریم کورٹ نے معمولی تبدیلی کیساتھ انتخابی شیڈول بحال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاغذات نامزدگی 10 اپریل تک جمع کرائے جائیں گے اور حتمی فہرست 19 اپریل تک جاری کی جائے گی جبکہ انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں