” کلمہ طیبہ انسانوں کو غیرت مند بناتا ہے،بزدل آدمی لیڈر نہیں نواز شریف بن جاتا ہے“

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے نوازشریف اور موجودہ حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ انسانوں کو غیرت مند بناتا ہے،لیڈر ہوتا ہی غیرت مند ہے، غیرت مند انسان کی معاشرے میں عزت بڑھ جاتی ہے،بے غیرت آدمی اربوں پتی بھی ہو عزت نہیں ہوتی،جو بھی لیڈر بنے وہ غیرت مند بنے،لیڈر سچا اور ایماندار ہوتا ہے،جو لیڈر ہوتا ہے وہ خوفزدہ نہیں ہوتا،بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا نواز شریف بن جاتا ہے،پاکستان میں ہماری جنگ حقیقی آزادی کیلئے ہے،میں نے انصاف لینا ہے،اس کیلئے ساری قوم کو تیار ہونا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اسلام کا سکالر نہیں،میں نے اپنی زندگی سے سب سیکھا،کلمہ طیبہ انسان کو اندر کی آزادی دیتا ہے اور معاشرے کی آزادی انصاف دیتا ہے،جو انقلاب اللہ کے آخری نبیﷺ لے کر آئے ویسا انقلاب دنیا میں کہیں نہیں آیا،ہم سب لیڈر ہیں کیونکہ ہم اشرف المخلوقات ہیں،اللہ نے فرشتوں کو کہا انسان کے سامنے جھکو تو ابلیس نے اعتراض کیا،ہم اپنی صلاحیتوں کو آزماتے نہیں جس کی بڑی وجہ خوف ہے،کوفہ کے لوگوں نے یزید کے ڈر سے امام حسین رضی اللہ عنہ کی مدد نہ کی،کلمہ طیبہ پر کامل ایمان ہو تو یہ خوف کے بت کو توڑتا ہے،جنگ بدر میں صرف 313سپاہی تھے،گیارہ سال بعد خالد بن ولیدؓ کی لیڈر شپ کے سامنے رومن فوج نے گھٹنے ٹیک دئیے،بارہویں سال میں دوسری سپر پاور کو قدسیہ میں مسلمانوں نے شکست دی،کلمہ طیبہ کی طاقت ہے کہ دو سپر پاورز نے گھٹنے ٹیک دئیے،عربوں کو اللہ کے آخری نبی ﷺنے آزادی دی،آپ ﷺ نے انصاف دے کر معاشرے میں سب کو برابر کیا،آزاد لوگ اپنی آزادی کیلئے کھڑے ہوتے ہیں، غلام لوگ آزادی کی جنگ نہیں لڑتے،افغانستان اور قبائلی علاقوں سے گزر کر کئی ہندوستان فتح کرنے آئے،ان فاتحین کو دہلی یا پانی پت سے پہلے کوئی نہیں روکتا تھا،جو جنگ جیت لیتا تھا ان سب کا حکمراں بن جاتا تھا،افغانستان کو تین سپر پاورز فتح نہ کر سکیں۔عمران خان نے کہا کہ چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر مسلط کیا،وہ ہمیں غلام سمجھ کر اپنے فیصلے مسلط کر رہے ہیں،میرے گھر پر حملہ کیا گیا،پی ٹی آئی رہنما علی امین کو گرفتار کر لیا،یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے غلام ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں