فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے،حلقے کی تعمیر و ترقی کا کام جاری ہے،حلقے میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے ہیں،ن لیگ عوام کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی اور ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق فیصل آباد میں ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)کے پاس نہیں جاوں گا خود کشی کرلوں گا،عمران خان جھوٹا انسان ہے، کوئی ایک بات بھی پوری نہیں کی،عمران خان نے خودکشی نہیں لیکن آئی ایم ایف سے معاہدہ کر دیا،عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا،اسی معاہدے کو پورا کرتے کرتے ہم یہاں تک پہنچے ہیں۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف شرائط کی وجہ سے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،چین جیسا دوست ملک بھی کہتا کہ آپ آئی ایم ایف کیساتھ پہلے معاہد ہ کریں،مجبوری ہے کہ عام آدمی کیلئے ہمیں مشکل فیصلے لینے پڑے،عمران خان دور کے غلط فیصلوں سے ملک میں مہنگائی ہے،عوام نے ووٹ کی طاقت سے نواز شریف پر اعتماد کیا تو ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکالا،اگر یہ چار سال کا عرصہ نہ آتا تو پاکستان ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہوتا،نشہ خود کرتا ہے اور مقدمہ میرے اوپر ڈال دیا گیا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ فرح خان نے اربوں روپے بیرون ملک بھیجے،فرح خان کا وزیر اعظم ہاوس میں داخلہ فری تھا،فرح خان نے ڈی سی،ڈی پی او لگانے کے کروڑوں روپے وصول کیے،فرح خان نے 12 ارب روپے بیرون ملک منتقل کئے،عمران خان نے دوسروں پر الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا،عمران خان نے اپنے دور میں مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے،نااہل انسان کو اس ملک پر مسلط کیا گیا۔
