کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قندھاری بازار میں دھماکا ہوا ہے، جس میں چار افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 5 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ ایک بچہ بھی زخمی ہوا۔ دھماکا پولیس وین کے قریب ہوا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچنا شروع ہو گئی۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔پولیس حکام نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، دھماکا پولیس موبائل کے قریب ہوا جس سے اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نامعلوم شخص نے بارود سے بھری موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکرائی۔کوئٹہ کے کندھاری بازار میں جس جگہ دھماکا ہوا وہ مصروف کاروباری مقام ہے، جہاں ہول سیل کی دکانیں ہیں جس میں زیادہ تر اشیائے خورو نوش کی دکانیں ہیں۔
