کراچی(سٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ مردم شماری میں صرف مردوں کو گنا جارہا ہے،خواتین اور نوجوانوں کو نہیں گنا جا رہا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق حسن سکوائر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 50 ہزار گھر دینے کا کہا لیکن انہوں نے نہیں دئیے تا ہم ہم چند لوگوں کو گھر بھی بنا کر دیں گے۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں آکر پتا لگا کہ قبرستان میں قبر 70 ہزار روپے دے کر ملتی ہے،لوگوں میں جائیں گے تو مسائل کا پتا لگے گا،رمضان کے بعد بھی روزانہ کی بنیاد پر لوگوں کے پاس جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی بھی منصوبہ صوبائی حکومت کے تعاون سے بنے یا وفاقی حکومت کے تعاون سے اس میں تاخیر کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔مردم شماری سے متعلق بات کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ اس معاملے پر خالد مقبول صدیقی سے گورنر ہاوس میں ملاقات ہوگی جس میں چیف شماریات بھی شریک ہوں گے۔
