اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو جاری نہیں کیے گئے ہیں، یہ مو¿قف الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے جانے والے جواب میں اختیار کیا گیا ہے۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے عدالتی فیصلے کی حکم عدولی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک صفحہ پر مشتمل سر بمہر جواب جمع کرایا گیا ہے۔تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ نگران حکومت پنجاب کا کہنا ہے سیکیورٹی کیلئے مطلوبہ اہلکاروں سے کم اہلکار فراہم کر سکتے ہیں، صوبہ پنجاب میں انتخابات کرانے کے لیے تین لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع ہونے کے بعد فوری طور پر چیف جسٹس کو پیش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ ا?ف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کرانے کے لیے 10 اپریل تک فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔
