رانا ثناءاللہ کا عام انتخابات اکتوبر سے آگے بڑھانے کا عندیہ

اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر آئین میں کوئی گنجائش ہوئی تو انتخابات اکتوبر سے بھی آگے بڑھا دیں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ سیاسی انارکی عمران خان کے رویے کی وجہ سے ہے، عمران نے اسمبلیاں سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر توڑیں، ہم آئین کے تقاضوں کو پورا کریں گے، 14 یا 16 اگست کو مدت پوری ہونے پر نگران سیٹ اپ آئے گا، آئین میں کوئی گنجائش ہوئی تو انتخابات آگے بڑھادیں گے کیونکہ عمران خان فتنہ ہے، کیا معلوم کوئی نئی مشکل پیدا کردے؟۔رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران یہ کہے کہ نگران سیٹ اپ قابل قبول نہیں یا انہوں نے مجھے قتل کرنے کا پلان بنالیا ہے، لہٰذا جب تک لوگ عمران خان کو مائنس نہیں کریں گے ،یہ سیاسی استحکام نہیں آنے دے گا، ہم عمران خان کی ڈکٹیشن پر الیکشن نہیں کرائیں گے بلکہ انتخابات آئین کے مطابق ہونے دیں گے، عمران خان ایک سیاستدان بنیں، سیاستدانوں سے بات کریں تو معاملہ بہت پہلے حل ہو سکتا تھا، البتہ نیشنل ڈائیلاگ ہوں تو معاملہ حل ہونے میں دیر نہیں لگے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فل کورٹ کے فیصلے کو سب تسلیم کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر یہ نہیں ہوتا تو ہم پارلیمان کے ساتھ کھڑے ہیں، اس کے لیے جو بھی نتائج ہوں تو پھر ٹھیک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں