اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے الزامات کو مسترد کردیا۔
سپیکر آفس کے مطابق قرار داد پر ایوان کے اندر ہی اراکین سے دستخط کروائے گئے، قومی اسمبلی کے عملے اور اراکین کی موجودگی میں یہ دستخط ہوئے، دستخطوں کے جعلی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سپیکر آفس کے مطابق فواد چودھری 8 اراکین کے دستخط جعلی ہونے کو ریکارڈ سے ثابت کریں، فواد چودھری سپیکر اور سیکرٹری قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کروائیں، فواد چودھری ثبوت دیں ورنہ ان کے خلاف قومی اسمبلی کارروائی کرے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ کر رہے ہیں، جن 42 اراکین اسمبلی نے قرار داد منظور کی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کردیا جائے تو ابھی انکشاف ہوا ہے، ان میں سے 8 دستخط جعلی ہیں، یہ دستخط یا تو سیکریٹری نے کیے یا پھر سپیکر راجا پرویز اشرف نے خود کئے ہیں، ہم سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور سیکریٹری اسمبلی پر جعل سازی کا مقدمہ کرنے لگے ہیں، جو دستخط موجود ہیں، ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دے رہے ہیں کہ لاہور ہائی کورٹ ان کو بلائے اور سپریم کورٹ سمیت عدالتوں کے نظام کا تمسخر اڑانے پر ان اراکین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، جو 8 دستخط جعلی ہیں، اگر اس سے وہ ثابت نہ کرسکے تو سپیکر راجا پرویز اشرف کے خلاف تعزیرات پاکستان کے سیکشن 466 اور 467 کے تحت درخواست دے رہے ہیں، جس کے تحت زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال ہے۔
