لاہور(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے اپنی ہی پارٹی کے 2 رہنماوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ بیرسٹر شہزاد اکبر اور خسرو بختیار پاکستان تحریک انصاف کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ اور دھبہ ہیں،اللہ کے فضل سے وہ ہمارے ساتھ سے ہٹ گئے ہیں،ہم یقینی بنائیں گے کہ ایسے افراد کو ٹکٹ نہ دیں،اب ایسے افراد کو اپنی صفوں میں شامل نہیں کریں گے۔سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ ایک لات کی مار ہے،اسکی اوقات نہیں ہے وکلا کے سامنے کھڑا ہونے کی،سانحہ ماڈل ٹاون کا یہ قاتل جلد بھاگتا نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن 14مئی کو ان شاء اللہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کروا کے رہیں گے،وکلا قانون اور آئین کی بالادستی کے لئے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اگر آزاد کشمیر کی ہائی کورٹ ہمارے وزیر اعظم کو نا اہل کر سکتی ہے تو پھر پاکستان کی سپریم کورٹ تو بہت بڑی عدالت ہے،یہ 24 کروڑ پاکستانیوں کی عدالت ہے،فیصلہ کس نے کیا ہے؟چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال نے یہ فیصلہ کیا ہے،آج ہم وکلاء یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ آرٹیکل چھ ان پر لگنا چاہئے،ہر صورت میں پاکستان کے وکلاء قانون اور آئین کو بچانے کے لئے نکل پڑے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ شہباز شریف،اسحاق ڈار،وزیر دفاع،سیکرٹری دفاع،الیکشن کمشنر کے اوپر آج آرٹیکل سکس لگائیں گے تو پیغام جائے گاکہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں ۔
