علی امین گنڈا پور کو بڑی خوشخبری مل گئی

بھکر (کورٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما علی امین گنڈا پور کو بھکر کے سینئر سول جج آصف نیاز کی عدالت میں پیش کر دیا گیا،عدالت نے علی امین گنڈا پور کو غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس سے ڈسچارج کر دیا،غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس سے ڈسچارج کئے جانے کے بعد علی امین گنڈا پور کو دوسرے مقدمے میں بھکر کے سول جج محمد وسیم کی عدالت میں پیش کیا گیا،دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل(آئی جی )پنجاب پولیس سمیت دیگر حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔پاکستان ٹائم کے مطابق علی امین گنڈا پور کے وکیل رفیق احمد نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا
پور کو ناجائز اسلحہ کیس میں زبردستی نامزد کیا گیا،عدالت نے علی امین کو اسلحہ کیس سے ڈسچارج کر دیا ہے،اس سے قبل علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد سے تھانہ صدر بھکر منتقل کیا گیا تھا،علی امین گنڈا پور کے خلاف بھکر کے تھانوں میں دہشت گردی اور اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت 3 مقدمات درج ہیں۔

دوسری طرف علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمات کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی پنجاب سمت دیگر افسران کو نوٹس جاری کر دیئے۔ علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیاگیا، جسٹس انوار الحق پنوں نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈاپور کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں آئی جی پنجاب ، سی سی پی او سمیت دیگرافسران کو فریق بنایا گیا ہے۔وکیل درخواست گزار کا موقف تھا کہ علی امین گنڈا پور کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، درخواست گزار کے بھائی کو ایک کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتار کیا جا رہا ہے، گرفتاری پہلے کی جاتی ہے اور مقدمہ بعد میں سامنے آتا ہے، ملزم کا حق ہے کہ اسے الزام کا علم ہو تاکہ وہ قانونی طور پر اپنا دفاع کر سکے۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت علی امین گنڈا پور کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیل طلب کرے، عدالت پولیس کو درخواست گزار اور اس کے بھائی کو غیر قانونی حراساں کرنے سے روکنے کا حکم بھی دے۔ جس پر عدالت نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18اپریل کو رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں