مظفر آباد(سٹاف رپورٹر)آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے قائد ایوان کا انتخاب نہ ہو سکا،کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ہفتے کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس میں ارکان کی تعداد انتہائی کم تھی، کورم پورا کرنے کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں۔اجلاس میں اپوزیشن کے 9 ارکان شریک ہوئے جبکہ کوئی حکومتی رکن شریک نہ ہوا۔ اپوزیشن کی جانب سےکورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کے بعد اجلاس کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔آزادجموں کشمیرقانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب ہونا تھا تاہم اب ہفتہ کو اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب متوقع ہے۔اسمبلی اجلاس سے کچھ دیر پہلے تک قائد ایوان کے انتخاب کیلئے انتخابی شیڈول بھی جاری نہ ہوسکا تھا، حکمران جماعت کے 3 دھڑوں کی جانب سے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے لئے تین ناموں کی منظوری دے دی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ فاروق احمد اور چوہدری رشید کے نام وزارت عظمیٰ کا قرعہ نکل سکتا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین وزارت عظمیٰ کے لئے نامزد کیے گئے ہیں۔وزارت عظمیٰ کی کرسی سنبھالنے کیلئے27 ووٹ درکار ہیں۔ 52 ارکان کے ایوان میں حکمران اتحاد کو 32 اور متحدہ اپوزیشن کو 20 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
