اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی نے ڈیم فنڈز کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی قرارداد منظور کرلی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی نے ڈیم فنڈز کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی قرارداد منظور کر لی،سپریم کورٹ نے ڈیم فنڈز کیلئے قوم سے رقوم جمع کیں،ڈیم فنڈز کیلئے جمع رقوم سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے فراہم کی جائیں،بینک منافع کے بعد یہ رقم بڑھ کر تقریباً 17 ارب روپے ہوچکی ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روز پارلیمنٹ میں قومی سلامتی کمیٹی کا سکیورٹی اور معاشی صورتحال پراِن کیمرا اجلاس ہوا،اجلاس میں سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزراء،ارکان اسمبلی اور سکیورٹی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر ارکان اسمبلی نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا، وزیراعظم شہبازشریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں افواج پاکستان کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کیا۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی اور معاشی صورتحال پر بریفنگ،قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی ملٹری آپریشنز نے بریفنگ دی، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ ماضی میں مذاکرات اور تازہ حملوں کی تفصیلات پربھی بریفنگ دی گئی۔