پرویز الٰہی کا اسحاق ڈار کو شوکت ترین کی ”شاگردی“ اختیار کرنے کا مشورہ

لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی منتخب حکومت ہی کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا قلع قمع کر سکتی ہے،وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اگر کچھ نہیں آتا تو وہ شوکت ترین سے ہی کچھ سیکھ لیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا اور پاکستان میں مہنگا ہوا ہے،پہلے ہی کہا تھا اسحاق ڈار نااہل وزیر خزانہ ہے، پیٹرول کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر کا اضافہ ظلم ہے،عالمی مالیاتی ادارہ( آئی ایم ایف )اسحاق ڈار پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں،نااہلوں کے ٹولے نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،اسحاق ڈار کو اگر کچھ نہیں آتا تو شوکت ترین سے سیکھ لیں۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو قانون سازی کا کوئی حق نہیں،سب سر جوڑ کر سپریم کورٹ کیخلاف کابینہ کے اجلاس پہ اجلاس بلا رہے ہیں،فضل الرحمان کی عدلیہ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی قابل افسوس ہے،ان کو عدلیہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے گریز کرنا چاہئے۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پنجاب اور خیبرپختون خوا میں ہماری الیکشن مہم مفت میں چلا رہی ہے،ایسا نہ ہو اس بار عمران خان کے پی سے ان پارٹیوں کا صفایا ہی کر دیں،وفاق میں پی ڈی ایم حکومت پہلے دن سے نفرت کا نشان بن چکی ہے،جب کہ پنجاب میں نگران حکومت کو عوام پہلے دن سے ہی مسترد کر چکے ہیں،الیکشن اور قومی سلامتی لازم و ملزوم ہیں، عوام اور ادارے مل کر ہی قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں، عوام کی منتخب حکومت ہی کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا قلع قمع کر سکتی ہے،الیکشن کے بعد پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کو گروہوں کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں