اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا،پاکستان میں عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔دوسری طرف آسٹریلیا،انڈونیشیا، برونائی میں بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق ان ممالک میں عیدالفطر ہفتے کے دن منائی جائے گی۔زونل رویت ہلال کمیٹی پنجاب ،سندھ ۔خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی زونل کمیٹیوں میں شوال کے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان اور محکمہ موسمیات کے نمائندے شریک ہوئے،مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں اکٹھی کیں۔زونل رویت ہلال کمیٹی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا،پنجاب بھر سے کہیں بھی شوال کا چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش جمعرات صبح 9 بج کر 15 منٹ پر ہوچکی ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 9 گھنٹے 33 منٹ ہوگی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 17 گھنٹے ہونا ضروری ہے،اس لئے شوال کا چاند نظر آنے کی امکانات کم تھے۔پاکستان میں آج 29 واں روزہ تھا، شوال کا چاند نظر آنے کی امید تھی لیکن ماہرین موسمیات کے مطابق پاکستان میں چاند کی عمر کم ہونے کی وجہ سے شوال کا چاند نظر آنا ممکن نہیں ۔اس ضمن میں ماہرین نے بتایا ہے کہ سائنسی اعتبار سے پاکستان میں چاند کی عمر 9 گھنٹے 49 منٹ ہے جس کی وجہ سے وہ دکھائی نہیں دے گا کیونکہ 20 گھنٹے سے زائد عمر کا چاند نظر آتا ہے۔اعداد و شمار کے لحاظ سے لاہور میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان 6 بجکر 57 منٹ تک تھا جب کہ صوبہ پنجاب کے دیگر شہروں میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان 7 بجکر 7 منٹ تک بتایا گیا تھا تاہم صوبے سے کسی ایک جگہ پر بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ۔