راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) لیگ کے رہنما چوہدری تنویر احمد خان نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سے پارٹی میں واپسی کی درخواست کردی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق چوہدری تنویر احمد خان نے ناراض لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات میں انہیں ن لیگ میں واپس آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ ہی اصل میں آپ کا گھر ہے اور اب آپ کو اپنے گھر واپس آجانا چاہئے۔ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان اور ن لیگی رہنماچوہدری تنویراحمد خان کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔دونوں رہنماو¿ں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات چوہدری تنویراحمدخان کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں چوہدری نثار علی انہیں عید کی مبارکباد دینے آئے تھے ۔اس موقع پرچوہدری تنویراحمد نے چوہدری نثارعلی سے پارٹی میں واپسی کی درخواست کی ہے تاہم اس حوالے سے سابق وزیر داخلہ نے کوئی مثبت اشارہ نہیں دیا ۔دوسری طرف چوہدری نثار علی خان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ ن لیگ میں واپسی کا دروازہ مکمل طور پر بند کر چکے ہیں اور کسی صورت یہ بند دروازہ اب کھل نہیں سکتا ۔
