لاہور(شوبز ڈیسک)عیدالفطر پر میگا بجٹ کی فلم” ہوئے تم اجنبی“ سمیت سات نئی پاکستانی فلمز سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کردی گئی ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اگرچہ پاکستان کی فلمی صنعت آج سے تین سال قبل زوال کی انتہائی حدوں کو چھو رہی تھی لیکن اب یہ انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہے۔پڑوسی ملک بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی فلم انڈسٹری بہت چھوٹی ہے، کیونکہ بھارت کے مقابلے پاکستان میں کم بجٹ کی فلمیں تیار کی جاتی ہیں۔یہاں عید جیسے تہوار ہی فلمسازوں کی کامیابی کے لیے بہترین موقع ہوتے ہیں کیونکہ شائقین اسی موقع پر سینما کا زیادہ رخ کرتے ہیں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی عید کے دن سینما گھروں میں فلمیں ریلیز کی گئی ہیں، اس عید پر سات فلمیں سینما گھروں میں دھوم مچائیں گی جن میں چار اردو ،ایک پنجابی اور دو پشتو فلمیں شامل ہیں۔ ایکشن اور رومانس سے بھرپور نئی فلموں میں مصنف و ہدایت کاراور معروف ٹی وی اینکر کامران شاہد کی فلم ”ہوئے تم اجنبی“ کی کہانی پیار کے انمول رشتے میں بندھ جانیوالے ڈھاکہ یونیورسٹی کے دو طالب علموں نظام الدین اور زینت کے گرد گھومتی ہے۔ اس فلم میں میکال ذوالفقار نظام الدین اور سعدیہ نے زینت کا کردار نبھایا ہے۔ہدایت کار فیصل قریشی کی فلم” منی بیک گارنٹی“ میں فواد خان، افضل خان سمیت دیگر فنکار کاسٹ میں شامل ہیں۔ اسی فلم میں وسیم اکرم پہلی بار اپنی اہلیہ شنیرا کے ہمراہ جلوہ گر ہورہے ہیں۔شاہد رانا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم” لاہور قلندر“ اپنے روایتی رنگ بکھیرے گی۔ فلم میں اداکارہ صائمہ نور، بنٹو بٹ، شفقت چیمہ سمیت دیگرفنکار اداکاری کررہے ہیں۔ عید الفطر پر پاکستانی فلم ”دادل“ اور” دور“ بھی ریلیز کے لیے پیش کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ عید پر ’ببرا گجر‘ اور’بشیرا گجر‘ بھی ریلیز ہو رہی ہیں۔ ان فلموں کے ڈائریکٹر حسین تونسوی اور مسعود بٹ ہیں۔ جن کے ٹائٹل رول حیدر سلطان راہی اور معمر رانا نے ادا کئیے ہیں۔پشتو فلموں میں ڈائریکٹر ارشد خان کی ’اس خو مے زڑگے شوے‘ اور شاہد عثمان کی فلم ’ستا صرف زما‘ میں بالترتیب دیدار ملتانی، اچھی خان، فیروزہ، جہانگیر جانی اور ارباز خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔دوسری طرف اگر آپ کسی وجہ سے سینما گھر کا رخ نہیں کرسکے تو پریشان نہ ہوں، انٹرٹینمنٹ سے لطف اندوز ہونے کے لیے ٹیلی فلمیں پیش کی گئی ہیں۔عید الفطر کے تینوں دن ملک کے بڑے ٹی وی چینلز پر یومیہ تقریباً ایک ٹیلی فلم ضرور نشر کی جائے گی، تاہم بعض ٹی وی چینلز پر یومیہ تین تین ٹیلی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/04/Five-Pakistani-movies-releasing-this-Eidul-Fitr-1200x480.jpg)