مظفر آباد(وقائع نگار خصوصی)آزاد کشمیر میں عدالتی حکم کے نتیجے میں رجیم چینج اورمقتدر قوتوں کی ایماءپر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)میں فارورڈ بلاک بننے کے بعد ریاست میں سب سے بڑی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت نے”لوٹوں“ اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کے خلاف سخت فیصلے لے لیے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی حکومت کے خلاف مقتدر قوتوں کی سازش کے بعد حکمران جماعت میں توڑ پھوڑ اور فارورڈ بلاک بننے پر تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی عہدوں میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے ۔انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے اورذاتی مفادات کے لئے مقتدر قوتوں کے آلہ کار بننے والے اراکین کو پارٹی عہدوں سے فوری ہٹانے کافیصلہ کیا گیا ہے،اس سلسلہ میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وویمن ونگ میں پروفیسر تقدیس گیلانی کو عہدے سے ہٹایا جاے گا۔ وویمن ونگ کی صدارت راولاکوٹ سے ریحانہ خان ، نائب صدر سید نائلہ قلندر جبکہ آسیہ رفیق سکریٹری جنرل اور لائبہ کوثر کو ایڈیشنل سکریٹری جنرل بناے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی قیادت نےپارٹی پالیسی کے خلاف جانے والوں کو ڈی سیٹ کروانے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے ۔اسی سلسلہ میں تحریک انصاف آزاد کشمیر نے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے والوں کے خلاف ممتاز قانون دان بابر اعوان کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں فلور کراسنگ کے قوانین پر عملدرآمد کا آغاز کیا جاے گا۔
