مظفر آباد(خصوصی نمائندہ)سابق سیکرٹری جنرل تحریک جوانان پاکستان و کشمیر (ٹی جے پی کے) اور مشہور ٹی وی اینکر ڈاکٹر عرفان اشرف نے کشمیریوں کی خدمت کے اپنے سیاسی مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نےتحریک جوانان پاکستان و کشمیر کے سابق سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عرفان اشرف کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور اپنی پارٹی کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ڈاکٹر عرفان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔معروف اینکر پرسن ڈاکٹر عرفان اشرف نے سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے رہنماو¿ں عامر جمیل، شہزاد نوشاد اکبر، سردار امتیاز شاہین، طارق قریشی، سردار کامران عادل، سیما شیرازی اور دیگر نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے تشخص کو اجاگر کرنے میں سردار تنویر الیاس کی کاوشوں سے متاثر ہیں۔انہوں نے سردار تنویر الیاس کو خوبیوں کا حامل انسان قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ نے پہلی بار ریاست اے جے کے کا لفظ استعمال کیا جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں امریکی سفیر سردار تنویر الیاس کے دورے کے دوران ایک کشمیری کے طور پر مجھے فخر محسوس ہوا۔ سینیٹ آف پاکستان میں ان کا خطاب بھی قابل ذکر تھا۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں تمام پارٹی ممبران کے ساتھ باہمی اتفاق رائے سے کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سردار تنویر الیاس کی نااہلی نے کشمیری تارکین وطن اور ریاست کے اندر عوام کو غلط پیغام دیا ہے،سابق وزیراعظم سردار تنویر کی نا اہلی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کی ضرورت ہے اور وہ احتجاج میں شامل ہو کر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کاز میں اپنا پورا حصہ دوں گا، میں نےتحریک جوانان پاکستان و کشمیرمیں ایک طویل عرصہ گزارا ہے اور جنرل حمید گل کی قیادت میں انہوں نے دوسروں کے ساتھ بلوچستان سے خیبرپختونخواتک پاکستان کا پرچم بلند کیا تھا، میں تحریک جوانان پاکستان و کشمیر کے تمام قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میرے لیے تحریک جوانان پاکستان و کشمیرکے ساتھ اپنے راستے الگ کرنا مشکل تھا۔سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ڈاکٹر عرفان اشرف کا آزاد جموں و کشمیر کے تینوں ڈویژنز زیادہ تر مظفرآباد اور پونچھ میں ایک مضبوط گروپ ہے، آج وہ باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں،ڈاکٹر عرفان اشرف نے میرے ساتھ ترجمان کے طور پر کام کیا ہے،ان کے پاس صلاحیت ہے، میں ان کی صلاحیتوں سے واقف ہوں اور وہ ہمارے لیے اثاثہ ثابت ہوں گے۔
