واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے دوسری مدت کیلئے آئندہ برس شیڈول صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک تین منٹ کی ویڈیو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے اس اہم فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ووٹرز سے کہتے ہیں کہ انہیں اپنا کام ختم کرنے کے لیے مزید وقت دیں، جو ا±نہوں نے پہلی مدت کے لیے حلف اٹھاتے وقت شروع کیا تھا۔صدر جوبائیڈن نے کہا ہم امریکہ کی روح کے تحفظ کی جنگ اب بھی لڑ رہے ہیں،ہم جس سوال کا سامنا کر رہے ہیں وہ یہ ہے کہ ہمیں آنے والے برسوں میں زیادہ آزادی اور حقوق ملیں گے یا کم؟یہ مطمئن ہونے کا وقت نہیں، اسی لیے میں دوبارہ الیکشن لڑ رہا ہوں۔جوبائیڈن کے اعلان کے دوران ان کے دور میں ہونے والی قانون سازی اور بڑے منصوبوں کے اعلان پر مبنی واقعات کی تصویری جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ صدر بائیڈن کے اس اعلان کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئی ہیں جن میں یہ کہا جا رہا تھا کہ شاید امریکہ کے معمر ترین صدر جو بائیڈن 2024 کے صدارتی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔صدر بائیڈن اگر دوسری مدت کے لیے بھی صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو چار سالہ مدت ختم ہونے پر ا±ن کی عمر 86 برس ہو گی۔ماہرین کے مطابق صدرجو بائیڈن اپنی پہلی مدت کے دوران اہم قانون سازی سمیت امریکی سیاست میں 50 برس کے تجربے کو اپنی بڑھتی عمر کے مقابلے میں اہم قرار دیتے ہیں۔انہیں دوسری مدت کے لیے ڈیمو کریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں بظاہر کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں تاہم مبصرین کے مطابق قومی معاملات میں پائی جانے والی تقسیم میں صدارت برقرار رکھنے کے لیے انہیں سخت جدوجہد کرنا ہو گی۔واضح رہے کہ دوسری مدت کے لیے انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق صدر بائیڈن کا اعلان ایسے وقت میں سامنے ا?یا ہے جب چار برس قبل 25 اپریل 2019 کو انہوں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔صدر بائیڈن نے اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہنگامہ خیز دور میں قوم کی روح پر مرہم رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی 2024 کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ٹرمپ نے گزشتہ برس نومبر میں یہ اعلان کیا تھا۔ ان کے علاوہ کئی اور رہنما بھی ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہیں۔
