جیکب آباد(کرائم رپورٹر)صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ہونے والے ”اصلی پولیس مقابلے “ میں پولیس انسپکٹرسمیت چھ اہلکار شہید اور دوسپاہی زخمی ہو گئے ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سندھ کے ضلع جیکب آباد کے تھانہ مولاداد کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں چھ پولیس اہلکار شہید اور دو اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق جیکب آباد کے علاقے جاگیر جکھرانی میں تاجر کے مغوی بیٹے کی بازیابی کے لیے آپریشن کیا گیا ،اس دوران پولیس اور ڈاکووں کی دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، ڈاکووں کی فائرنگ سے جعفرآباد پولیس کے 3 اہلکار موقع پر شہید ہوگئے جبکہ 3 پولیس اہلکار ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے،دو زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔شہدا میں اے ٹی ایف کے سب انسپکٹر طیب عمران،کانسٹیبل خادم شاہ،ریاض حسین،نثاراحمد اور محمد عثمان شامل ہیں،جبکہ دو اہلکار حسین علی اور الطاف حسین شدید زخمی ہوگئے،جن کا جیکب آباد کے ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
سینئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سمیر چنا کے مطابق بلوچستان پولیس نے ڈاکووں کا تعاقب کیا تو ڈاکو فرار ہوکر جیکب آباد کی حدود میں داخل ہو گئے اور انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تین اہلکار ہسپتال میں جانبر نہ سکے۔پولیس کے مطابق نامعلوم ڈاکو فائرنگ کے بعدمغوی کو اپنے ساتھ لیتے ہوئے با آسانی فرار ہوگئے،لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتے ہوئے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے فرار ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے۔
