لندن(وقائع نگار)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے لندن میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے ملاقات کی اور انھیں جہانگیر ترین کا اہم پیغام پہنچایا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ملک میں سیاسی پارہ ہائی ہے اور عمران خان سے ناراض اور جوڑ توڑ کے ماہر سمجھے جانے والے جہانگیر ترین بھی خاصے سرگرم دکھائی دے رہے ہیں،انھوں نے عون چوہدری کے ذریعے نواز شریف کو لندن میں اہم پیغام بھجوایا ہے۔نواز شریف سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے لندن میں ملاقات کی،جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال اور ملکی معاملات پر بات چیت کی گئی۔عون چوہدری نے نواز شریف کو جہانگیر ترین کا پیغام پہنچایا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر عون چوہدری نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی خواہش ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہوکر پاکستان آئیں،آپ کی قیادت میں پاکستان نے پہلے بھی ترقی کی اور ملکی معاملات کو بہتر انداز سے چلانے کی آپ میں صلاحیت ہے۔نواز شریف نے ملکی معاملات کے بارے میں فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے عون چوہدری کو جلد وطن واپس جانے کی یقین دہانی کرائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ اس نے اپنے گھر بلایا،کافی عرصے کے بعد حاضری کا موقع ملا،پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں،اللہ تعالیٰ پاکستان پر رحم کرے۔نواز شریف کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی ڈیمانڈ گزشتہ 20 برس سے سب کے سامنے ہیں،تحریک انصاف کی ڈیمانڈ کا کوئی سر پاوں نہیں ہوتا۔