اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے افسران کیخلاف بغاوت پراکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عمران خان کی 3 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے علاوہ عمران خان کو شامل تفتیش ہونے اور ہرسماعت پر عدالت حاضر ہونے کا بھی حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست ضمانت پرچیف جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی ہے۔عمران خان کی جانب سے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل چوہدری پیش ہوئے۔عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائرکی۔درخواست میں استدعا کی کہ عدالت درخواست ضمانت منظور کرے،جان کو خطرات لاحق ہیں دوبارہ حملے کا خدشہ بھی موجود ہے، عدالت ٹرائل کورٹ کے بجائے خود عبوری ضمانت منظور کرے۔ دورانِ سماعت عدالت نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے دائر اعتراضات کو بھی ختم کردیا۔عدالت نے عمران خان کی 3 مئی تک عبوری ضمانت منظور کی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔اس سے قبل عمران خان عدالت میں پیشی کے لیے آج صبح 7 بج کر 40 منٹ پر لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے روانہ ہوئے اور قافلے کے ہمراہ بذریعہ موٹر وے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچنے پرعمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت داخل ہونے سے روک دیا گیا۔جس پر عمران خان سخت سیکیورٹی کے حصار میں پیدل کمرہ عدالت تک پہنچے ۔پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود تھی جبکہ کارکنوں کی جانب سے عمران خان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی ۔عمران خان کی پیشی کے موقع پر2ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔ایف سی کے 420 اور رینجرز کے 300 اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دی۔ پولیس کے 4 ایس پیز اور 11 اے ایس پیز بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پرتعینات تھے۔یاد رہے کہ عسکری اداروں کیخلاف بات کرنے پرعمران خان کیخلاف 7 اپریل کو مقدمہ مجسٹریٹ منظوراحمد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ نے اسی مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 26 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
