فیصل آباد (سپیشل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اب تک نصف درجن آڈیو ویڈیوز لیک ہوچکی ہیں،لہٰذاان سب کا فوری سوموٹو نوٹس لیکر ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے کیونکہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔
فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ان آڈیوز اور ویڈیوز سے نواز شریف کے خلاف کی گئی تمام سازشیں بے نقاب ہو گئی ہیں،پاکستان کو تو انصاف ملنا چاہیے،جب 2013 میں نواز شریف کی حکومت آئی تو ملک کا بیڑا غرق ہو چکا تھا،لاقانونیت عروج پر تھی،دہشت گردی کا عفریت پھن پھیلائے کھڑا تھا،بارہ سے بیس گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ ہورہی تھی،ملک معاشی طور پر ڈیفالٹ کے قریب تھا مگر پھر عوامی مینڈیٹ سے نواز شریف بر سر اقتدار آئے اور ملک نے ٹیک آف کرنا شروع کر دیا،لاقانونیت اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا،قوم کو بدترین لوڈ شیڈنگ سے نجات ملی،آٹا،روٹی،بجلی،گیس،پٹرول عوام کی دسترس میں تھا اور ملک روز بروز تعمیر و ترقی کی منازل طے کر رہا تھا،موٹر ویز اور توانائی کے منصوبے لگ رہے تھے،سی پیک کا آغاز ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے دیکھا کہ سال 2017 میں روٹی 2 روپے کی،ڈالر 100 روپے کا،جی ڈی پی کی شرح 5.8 فیصد اور لوڈ شیڈنگ و دہشتگردی کا نام و نشان نہ تھا لیکن پھر ملک کے ساتھ ایک گھناونا کھیل کھیلا گیا اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نواز شریف کو نا اہل کر کے ایک منظم منصوبے کے تحت عمران خان کو ملک پر مسلط کیا گیا جس نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا، 2 روپے والی روٹی 20 روپے کی،جی ڈی پی کا بھٹہ بیٹھ گیا،سٹاک ایکسچینج کریش،کاروبار بند،غریب کی روٹی اور عزت نفس چھین لی گئی مگر دوسری طرف قدم قدم پر فرح گوگی جیسے کردار سامنے آنے لگے اور اب یہ موصوف جو خود کو دنیا کا سب سے بڑا انصاف پسند قرار دیتے نہ تھکتے تھے ان کی ڈیلنگز بھی سامنے آنا شروع ہوگئیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اب نجم ثاقب مبینہ طورپر ایک کروڑ بیس بیس لاکھ روپے لیکر پی ٹی آئی کی ٹکٹیں سیل کر رہا ہے لہٰذا عوام پوچھنا چاہتی ہے کہ وہ کس حیثیت میں یہ ڈیلز کر کے پیسہ بنا رہا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ہماری ماوں،بہنوں،بیٹیوں پر ظلم ڈھائے گئے،عمر قید اور نااہلی کی سزائیں دی گئیں اور یہ سب کچھ مخصوص لوگوں کی جانب سے عمران خان کی سہولت کاری کیلئے کیا جا تا رہا،نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑتے ہیں اور آج اللہ نے ایک ایک کر کے تمام چہرے بے نقاب کر دیئے ہیں،اب نواز شریف کی بے گناہی ثابت ہو چکی لیکن دوسری طرف فتنے نے نہ غریب کی روٹی چھوڑی،نہ عزت،نہ کشمیر رہنے دیا،نہ خزانے میں کوئی ڈالر چھوڑا بلکہ اوپر سے غیر ملکی سربراہان مملکت کے دیئے گئے قیمتی تحفے بیچ کر دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کروائی اور ملک کو دنیا میں تنہا کردیا،اب متعلقہ ارباب اختیار کو حرکت میں آنا اور سوموٹو نوٹس لیکر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنا ہوگا۔