لدھیانہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ کے علاقے میں گیس لیکیج کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لدھیانہ ضلع کے علاقے غیاث پورہ میں زہریلی گیس لیکج سے11افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک بنتائی جا رہی ہے ،مرنے والے تمام افراد کا تعلق محنت کش طبقے سے بتایا جا رہا ہے جبکہ ہلاک شدگان میں تین کم سن بچے بھی شامل ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ گیس گٹر سے لیک ہوئی ہو، جو حال ہی میں ہوئی بارش کی وجہ سے بند ہوگیا تھا،زہریلی گیس اتنی خطرناک تھی کہ علاقہ میں گیس پھیلتے ہی لوگ بیہوش ہوکر گرنا شروع ہو گئے ۔ ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ کھیلنے کے لئے میدان میں جا رہے تھے کہ گٹر سے گیس کا دھواں نکلتے ہوئے دیکھا جس سے سانس لینامحال ہو گیا ۔ گیس لیکیج کی وجہ سے 11 افراد کی حالت بگڑ گئی جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق رہائشی علاقے میں ایک فیکٹری سے گیس لیک ہوئی تھی جس وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کو کہا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اورانتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔
