لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مسلم لیگ (ق)چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پولیس چوہدری پرویز الٰہی کے گھر گئی،پھر پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی کے باعث میرے گھر کے درواز ے کے شیشے ٹو ٹ گئے، دونوں بیٹوں نے پولیس کو روکنے کی کوشش کی وہ زخمی ہو گئے،پولیس سے وجہ پوچھی تو سڑکوں کے ٹھیکوں میں کمیشن اورانٹرنیشنل فرم سے کمیشن کے طورپر اربوں روپے وصول کرنے کا الزام کا بتایاگیا، میرے بیٹوں کا ایسے کسی معاملے سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا،دونوں بیٹوںکو صبر کا دامن تھامے رہنے کی ہدایت کی،جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں،حکام بالا اس میں ملوث کردار کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق صدر مسلم لیگ (ق)چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ دونوں بیٹوں سے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں صبر کا دامن تھامے رکھیں، اس رات کے پیش آنے والے واقعے پر روشنی ڈالوں گا،پولیس اہلکار چوہدری پرویز الٰہی کے گھر گئے تو انہیں بتایا گیا کہ وہ چوہدری شجاعت کے گھرہیں، پولیس اہلکار پرویز الٰہی کا گھر چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دونوںبیٹے دروازے کے دوسری طرف موجود تھے،جب پولیس والے آگے بڑھ رہے تھے تو دونوں بیٹوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی،پولیس نے دروازے کو توڑنے کی کوشش کی۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ پولیس کی جانب سے دروازے کے شیشے تو ٹوٹ گئے مگر دروازہ نہ ٹوٹ سکا،میرے دونوں بیٹے اس صورتحال میں زخمی ہوگئے،چوہدری سالک حسین کے ہاتھ میں ٹانکے لگ گئے، 2گھنٹے کوشش کے بعد پولیس دروازے سے واپس چلی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس سے پوچھا گیا کہ کس کیس میں یہ سب کچھ ہورہا ہے،پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ سڑکوں کے ٹھیکوں میں کمیشن کا الزام ہے،انٹرنیشنل فرم سے کمیشن کے طورپر اربوں روپے وصول کرنے کا الزام ہے،پولیس نے بتایا کہ اس سے زیادہ تفصیلات ان کے پاس موجود نہیں ہیں۔صدر ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میرے بیٹوں کا ایسے کسی معاملے سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا،سارے معاملے پر جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں ہے،بکتربند سے گیٹ توڑا گیا اس عمل کی سختی سے مذمت کرتاہوں، اس کے پیچھے جو بھی ہے حکام بالا اسے کیفر کردار تک پہنچائیں۔
