لاہور(سٹاف رپورٹر )سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اعجاز الحق ہارون آباد میں زرعی اراضی پر غیر قانونی رہائشی کالونیاں بنانے کی وجہ سے اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آ گئے ہیں،یاد رہے کہ اعجاز الحق نے چند روز قبل ہی زمان پارک لاہور میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد اتحادی حکومت اور مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے اعجاز الحق کو غیر قانونی رہائشی کالونیاں بنانے اور سادہ لوح عوام سے کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزام میں طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا تا ہم اعجاز الحق پیش نہیں ہوئے۔اینٹی کرپشن کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق اعجاز الحق پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے ہارون آباد شہر میں ڈکلیئر زرعی اراضی پر غیرقانونی رہائشی کالونیاں بنائیں،غیر قانونی طورپرڈویلپمنٹ کی گئی سوسائٹیز میں وائٹل سٹی فیزون اور فیز ٹو شامل ہیں۔ان کے علاوہ پاسبان سٹی،الحق ٹاون،سروش ٹاون،رحمت ٹاون اور رحمت سٹی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔اعجاز الحق پر الزام ہے کہ انہوں نے یہ غیر قانونی کالونیاں بغیر کسی سرکاری منظوری کے بنائیں،انہوں نے اور ان کے فرنٹ مینوں نے سادہ لوح عوام کے کروڑوں روپے ہتھیا لیے ہیں۔اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے سابق وفاقی وزیر سمیت ٹی ایم اے ہارون آباد کے افسران و اہلکاروں کوبلدیہ ٹاون بہاولنگر پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔
