بجٹ کب پیش کیا جائے گا؟ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی

اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ 4 یا 5 جون کو پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اتحادی جماعتوں سے تجاویز لینے کے بعد قومی اسمبلی اجلاس کے دوران جون کے پہلے ہفتے میں بجٹ پیش کریں گے۔ترقیاتی فنڈز پر بھی اہم فیصلے کرکے اجرا کا عمل تیز کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے درمیان سٹاف سطح کے معاہدے میں تاخیر کے باعث آئندہ مالی سال 2023-24 کے وفاقی بجٹ کی تیاری میں شدید مشکلات کا انکشاف ہوا ہے۔دوسری جانبپاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں اگلی حکومت کے لئے بارودی سرنگیں بچھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کو انتہائی حد تک خدشہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) والے اپنے دور حکومت کے اختتام پر معیشت کا وہی حشر کرکے جائیں گے جو پی ٹی آئی والوں نے مارچ 2022 میں عمران خان کی حکومت کے خاتمے سے کچھ عرصہ قبل کیا تھا۔اب جب کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی والے آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے حوالے سے بالآخر سیاسی مذاکرات میں مصروف ہیں اس وقت پی ٹی آئی کو سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ اگر قومی اسمبلی جلد تحلیل نہ کی گئی تو پی ڈی ایم کی طرف سے آئندہ مالی سال کیلئے کس طرح کا بجٹ پیش کیا جا سکتا ہے۔اس سے قبل حماد اظہر نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ دانشمندی کے ساتھ ڈیزائن کرنا چاہئے اور اس میں ملٹی لیٹرلز سے مشاورت ہونا چاہئے،یہ ضروری ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار معیشت کے ساتھ کھیل کھیلنا بند کریں،انہوں نے پہلے ہی بہت نقصان کر دیا ہے،آئندہ مالی سال کا بجٹ دانشمندی اور ملٹی لیٹرلز کے ساتھ مرتب کرنا چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں