لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے محکمہ خزانہ کو 4 ماہ کا بجٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی، محکمہ خزانہ نے تمام محکموں کو 4 ماہ کے حساب سے اپنی اپنی اسکیموں کی تجاویز دینے کا کہہ دیا۔حکام کے مطابق اسمبلی نہ ہونے پر بجٹ ایک سال کی بجائے صرف 4 ماہ کا ہی تیار کیا جاتا ہے۔ بجٹ کی تیاری میں اصل رکاوٹ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے انتخابات پر موجود تاریخ اور فیصلہ ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت نے محکمہ خزانہ کو 4 ماہ کا بجٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی، جس کے بعد محکمہ خزانہ نے دیگر محکموں سے بھی 4 ماہ کی بجٹ تجاویز طلب کرلیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے 4 ماہ کے حساب سے اپنی اپنی اسکیموں کی تجاویز دیں، ترقیاتی اور غیرترقیاتی اسکیموں میں بجٹ کا حجم 4 ماہ کے تناسب سے رکھا جائے۔محکمہ خزانہ پنجاب نے دیگر سرکاری محکموں کو جلد تجاویز جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ صوبائی محکمہ خزانہ بجٹ تجاویز ملنے کے بعد 4 ماہ کا بجٹ تیار کرے گا۔