“پاکستان ہماری ریڈ لائن، اندرونی و بیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے”مرکزی مسلم لیگ کی اتحاد کانفرنس میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کا متفقہ اعلان

لاہور ( وقائع نگار خصوصی) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کے خلاف بیرونی و اندرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان میں اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے، سیاسی جماعتیں اتحاد و اتفاق کے ذریعے پاکستان کو بحران سے نکالیں، ہم سب پاکستان کی بنیاد پر اتحاد کا پیغام لے کر گلی گلی جائیں گے، کراچی کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی اتحاد کانفرنس منعقد کرکے بھرپور تحریک چلائیں گے، پاکستان اور ہمارے ادارے محفوظ ہوں گے تو جماعتیں بھی محفوظ ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے رہنما فیصل ندیم، چیئرمین رابطہ علما ومشائخ پاکستان قاری محمد یعقوب شیخ، جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری اعظم چوہدری، مرکزی مسلم لیگ کے رہنما حافظ خالد نیک، سید اے آر نقوی، عقیل احمد لغاری، احمد ندیم اعوان،مفتی محمد یوسف کشمیری، پیر سید ہارون علی گیلانی، پیر مخدوم ندیم ہاشمی، حافظ محمد انور، شہباز عبدالجبار، ممتاز سیال، حاجی عبدالغفار، پیر سید عبدالغنی، محمد عمیر، عدیل عامر، شگفتہ شاہد و دیگر نے کیا۔ مزار قائد کے سامنے عظیم الشان اتحاد کانفرنس میں شہر بھر سے مرد و خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ کانفرنس کے دوران شرکا نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم تھام رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔ خالد مسعود سندھوصدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور اسی نام پر قائم رہے گا،مرکزی مسلم لیگ نے فیصلہ کیا کہ ہر جماعت کے پاس جائیں گے،ہم اس ملک کو بچانے کے لیے اتحاد کی دعوت لے کر نکلے ہیں،اس ملک کو اتحاد کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے،عوام کو غربت میں دھکیل کر ان کو مسائل کا شکار کردیا گیا،تمام سازشوں کے باوجود عوام ملک دشمنی کو مسترد کردیں گے،اسرائیل سے تجارت اور تعلقات کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ فیصل ندیم رہنما پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ نے کہا کہ دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان کسی بڑے نقصان کی طرف جا رہا ہے،یہ مملکت خداداد برباد ہونے کے لیے نہیں بنی،جس رب نے پاکستان بنایا تھا وہ پاکستان بھی بچائے گا،ہم اتحاد و اتفاق کا پیغام لے کر آئے ہیں،ہم نے سازش کا شکار ہوکر پاکستان کا نقصان نہیں کرنا،ہماری وفاداری پاکستان کے ساتھ ہے،ماضی میں بھی عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا آج بھی بھرپور عزم رکھتے ہیں،پاکستان کو قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا،ہم اپنے اداروں اور افواج پر یقین کرتے ہیں،ایٹمی پروگرام کا نقصان نہیں ہونے دیں گے،پاکستان کی خودمختاری کا تحفظ کریں گے،اتحاد کی دعوت لے کر ہر شخص کے پاس جائیں گے،سیاست دان مفادات کے کھیل کھیلنا بند کردیں،پاکستان کے تحفظ کے لیے ایک ہوجائیں،ورنہ پاکستانی قوم آپ کو مسترد کردے گی۔ قاری محمد یعقوب شیخ چیئرمین رابطہ علما و مشائخ پاکستان نے کہا کہ پاکستان اپنے معرض وجود سے اندرونی و بیرونی سازشوں کا شکار ہے،دشمنان پاکستان ہماری ایٹمی صلاحیت ختم کرنا چاہتے ہیں،سیاست کے نام پر طوفان بدتمیزی برپا کردی گئی،سیاست کے نام پر ایک دوسرے کو دشمن بنایا جا رہا ہے،یہ سیاست نہیں سازش ہے جو پاکستان کے خلاف ہو رہی ہے،ہماری غلط پالیسیوں نے ملک کو مسائل میں مبتلا کردیامرکزی مسلم لیگ نے عزم کیا ہے کہ اندرونی و بیرونی سازشوں کا خاتمہ کریں گے،اتحاد کی قوت سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔خواجہ اظہار الحسن ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے حساس حالات میں اتحاد کانفرنس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،اس دور میں اتحاد کی مشعل جلانا قومی فریضہ ہے،مرکزی مسلم لیگ کا مشکور ہوں کہ پورے پاکستان کی اکائیوں کو جمع کیا،اتحاد کانفرنس کی ضرورت اس لیے پڑی کہ ہم تقسیم ہوگئے،جب اس ملک میں امن نہیں ہوگا تو انتشار پھیلے گا،قومی سلامتی پر آنچ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیرصدر جمعیت علمائے پاکستان و صدر ملی یکجہتی کونسل نے کہا کہ ملک کو اتحاد کی سخت ترین ضرورت ہے،پاکستان میں بہت بحران آئیں لیکن موجودہ بحران زیادہ خطرناک ہے،پاکستان میں سیاسی جماعتیں لڑ رہی ہیں،کسی کو احساس نہیں کہ ملک کس حال میں ہے،اتحاد کانفرنس پیغام دے رہی ہے کہ اپنی انا پاکستان پر قربان کردیں،سیاسی جماعتیں اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ محمد حسین محنتی امیر جماعت سلامی سندھ نے کہا کہ قرآن نے اس امت کو امت واحدہ قرار دیا،اتحاد امت کی وحدانیت اور پاکستان کی بقا کا موضوع ہے،عوام نے مرکزی مسلم لیگ کے نعرے کو تسلیم کرلیا ہے،تحریک پاکستان میں اتحاد کی وجہ سے ملک حاصل ہوا،قیام پاکستان کے بعد انتشار پھیلایا گیا،ملک میں انتشار پر ہر شخص کو تشویش ہے،اتحاد و یکجہتی کے ذریعے انتشار کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔ اعظم چوہدری جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کہا کہ تمام جماعتوں نے شرکت کرکے ہمارے اتحاد کے پیغام کو تقویت دی،پاکستان متعدد مسائل کا شکار ہے،ہم اپنے نظریے کو بھول گئے اور مفاد کی سیاست میں پڑگئے،مرکزی مسلم لیگ تمام مکاتب فکر کو اکھٹا کرکے پاکستان کو مشکلات سے نکالنا چاہتی ہے،ہم سیاست کے میدان میں اعلی اخلاقی اقدار کا فروغ چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں